۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل: اگر خواتین اسوہ زینبی پر عمل کرتے ہوئے اپنی اولاد کی تربیت کریں تو پورا گھرانہ اسلام کی اصل تصویر پیش کرے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شریکۃ الحسین حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کے موقع پر دنیا بھر کے محبان اہلبیت علیہم السلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہ ہے کہ اسلام کے عین مطابق اپنی زندگی گزارنے کے لیے مستورات کو زندگی کے ہر پہلو میں آقا زادی کی ذات مقدسہ سے رہنمائی حاصل کرنا ہو گی۔

انہوں نے بیٹی،بیوی،ماں اور بہن کے طور پر جن اعلی صفات کا مظاہرہ کیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ سانحہ کربلا کے بعد عقیلہ بنی ہاشم سلام اللہ علیہا نے ہر چوراہے پر یزیدیت کی اسلام دشمنی آشکار کر کے اس کے دروبام پر لرزہ طاری کیا اور یہ ثابت کیا کہ قادر مطلق پر پختہ یقین رکھنے والے حق گوئی کو فریضہ سمجھتے ہوئے اسے بلاخوف و خطر ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں زینبی کردار پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔عالمی استکباری قوتیں امت مسلمہ سے ان کی ایمانی قوت چھیننے کے لیے تمام تر وسائل کا بھرپور استعمال کررہی ہیں۔ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے نئی نسل کو دین سے دور کیا جا رہا ہے۔

مزید کہا کہ عورت کا کام اپنے گھرانے کی تربیت کا ہے۔اگر خواتین اسوہ زینبی پر عمل کرتے ہوئے اپنی اولاد کی تربیت کریں تو پورا گھرانہ اسلام کی اصل تصویر پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام کو اگر حقیقی طور پر سمجھنا ہے تو اہلبیت علیہم السلام سے آگہی حاصل کرنا ہو گی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .